بارہ بنکی: اتر پردیش کے بارہ بنکی ضلع میں آج رسوئی گیس سلنڈر میں شدید دھماکے سے پانچ بچوں سمیت سات افراد ہلاک اور آٹھ دیگر شدید طور پر جھلس گئے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ دیوا تھانہ علاقے کے رفیع پور گاؤں میں للن نامی شخص کے بیٹے کی شادی کی تیاریوں کے دوران کھانا پکاتے وقت ایک چھوٹا گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔اس حادثے میں 15 افراد شدید طور پر جھلس گئے ۔انہوں نے بتایا کہ جھلسے لوگوں کو نازک حالت کے پیش نظر لکھنؤ واقع سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں سونم(3)، اس کے بھائی آدتیہ(4)، خوشی(3)، گولو(4)اس کے بھائی وویک(3)، گیان وتی( 46 ) اور کلاوتی( 60) کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ باقی آٹھ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ ان میں سے دو کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کارروائی شروع کر دی ہے ۔