ممبئی: بولی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور اور ان کے بھائی رندھیر کپور نے ممبئی میں اپنے گھر پر منعقد کی گئی گنیش ویسرجن کی پوجا کے دوران وہاں موجود صحافیوں سے جھگڑا کرنے کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس جھگڑے کے دوران دونوں اداکاروں نے صحافیوں اور کیمرا مین کو تھپڑ مارے اور ایک میڈیا نمائنڈے کو دھکا دے کر نیچے گرا دیا۔
گنیش ویسرجن کی پوجا ہر سال کپور خاندان نہایت جوش و خروش سے مناتا ہے، جس میں عوام کی بھی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔
رشی کپور اور رندھیر کپور کے اس جھگڑے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں یہ دونوں اداکار صحافیوں کو مارتے نظر آئے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ ’اس ایونٹ کے دوران رشی کپور اور رندھیر کپور کے غصہ میں آنے اور اس طرح سے پیش آنے کی بظاہر کوئی وجہ نہیں تھی، میڈیا صرف اس ایونٹ کو کور کرنے کی کوشش کررہا تھا‘۔
واضح رہے کہ رشی کپور اس قسم کے واقعات کے حوالے سے اکثر وبیشتر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں، اس کے علاوہ وہ ٹوئٹر پر بھی لوگوں پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔