لاہور: بالی وڈاسٹاررضا مراد نے بھارت میں بولی جانے والی 19زبانوں کی فلموں میں اداکاری کے جوہردکھا کرمنفرد ریکارڈ قائم کردیا۔
اپنے طویل فنی سفرکے دوران رضامراد نے ہندی ، اردو، پنجابی، بھوجپوری، تامل، گجراتی، بنگالی، راجستھانی، مراٹھی، ہریانوی، ناگپوری، آسامی، اوریا، تیلگو، کناڈا، ملایلم، چھتیس گڑھی، ریشیئن اورانگریزی زبانوں میں بننے والی فلموں میں اہم کردار ادا کیے ہیں۔ اس منفرد ریکاڈ کواپنے نام کرنے والے رضامراد نے ممبئی سے فون پربات کرتے ہوئے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ اپنے فنی سفرکے دوران جب کام شروع کیا
تویہ معلوم نہ تھا کہ ایک ایسا منفردریکارڈ میرے کریڈٹ میں آجائے گا۔
میں نے اس حوالے سے ہمیشہ تجرباتی اندازکو اپنایا اورکیرئیر میں یہ تجربہ بہت شاندار رہا۔ مختلف زبانوں میں بننے والی فلموں میں کام کرنے سے جہاں مجھے مختلف زبانیں سیکھنے اورسمجھنے کا موقع ملا، وہیں مختلف قوموں کے رسم ورواج جان کربھی بہت کچھ سیکھا۔ انھوں نے کہا ہے کہ اب میں چاہتا ہوں کہ مجھے پاکستان سے بھی کوئی اچھی فلم آفرہو جس میں کام کرکے میں دونوں ممالک کواورقریب لاسکوں‘ اچھا پروجیکٹ ملا تو ضرور پاکستان آؤں گا۔