لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ نگوہاں علاقہ میں رفع حاجت کیلئے گئی ایک دوشیزہ سے گاؤں کے رہنے والے ایک شخص نے چھیڑ خانی کی۔ مخالفت کرنے پر نہ صرف مار پیٹ کی بلکہ اس کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ پولیس نے اس معاملہ میں ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ نگوہاں کے بھگوان پور کے ایک کسان کی ۱۴ سالہ بیٹی کومنگل کی شام کو رفع حاجت کیلئے جاتی ہوئی دیکھ کر گاؤں کا ہی امر بہادر نے اس کا پیچھا کر لیا اور چھیڑ خانی کرنے لگا۔ پہلے تو لڑکی نے اس کی حرکتوںکو نظر انداز کیا مگر جب وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا تو اس نے مخالفت کرتے ہوئے شور مچا دیا۔ اسی درمیان ملزم نے اس کی پٹائی کر دی لیکن شور سنتے ہی لڑکی کی مدد کیلئے لوگ دوڑ پڑے جن کو آتا ہوا دیکھ کر وہ جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔ نگوہاں پولیس نے اس معاملہ میں ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرتے ہوئے اس کو حراست میں لے لیا ہے۔