ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار و ہدایت کار فرحان اختر اور رنبیر کپور کی خلاف جعلسازی کرنے پر ایف آئی آر درج ہو گئی ہے۔ زرائع کے مطابق دونوں اداکاروں کے خلاف ایک آن لائن شاپنگ سائٹ کے لئے تشہیری مہم کا حصہ بننے کی وجہ سے درج کرا ئی گئی ہے۔ فرحان اختر اور رنبیر کپور کے خلاف مبینہ کاروائی کیشو نگر کے علاقے کے رہائشی ایک وکیل رجت بنسل کی طرف سے کی گئی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بنسل کی طرف سے دونوں اداکاروں پرآئی پی سی کے سیکشن 406 کے تحت کریمنل بریچ آف ٹرسٹ اور420 کے تحت جعل سازی کی ایف آئی آر19 ستمبر کو درج کرائی گئی۔ بنسل نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ اس نے آن لائن شاپنگ سائٹ پر 23 اگست کو 40 انچ ایل ای ڈی ٹی وی کا آڈر دیا جس کے عوض 29,999 روپے اپنے دیبٹ کارڈ کے زریعے ادا کیے۔ تاہم انھیں خرید کردہ مصنوعات دس دن کے اندر فراہم نہیں کی گئیں۔ رجت بنسل نے دونو ں اداکاروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رنبیر اور فرحان کی طرف سے اس سائٹ کی تشہیر کرنے کے باعث لوگ اس سائٹ سے ہاتھوں بے وقوف بن رہے ہیں۔ زرائع کے مطابق پولیس کی طرف سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک پورٹل کے حکام سے رابطہ قائم نہیں کیا جا سکا۔