رنبیر کپور اور قطرینہ کیف اگرچہ سنیما کے پردے پر اور اصل زندگی میں ناظرین کو پسند آتے ہوں لیکن قطرینہ کو رنبیر کے ساتھ کام کرنا مشکل لگتا ہے۔
قطرینہ اور رنبیر کی شادی کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں اور اس خبر سے ان دونوں ہی اداکاروں کو اکثر پریشان ہوتے دیکھا گیا ہے۔
’رنبیر کے بارے میں سوال مت پوچھیں‘
ایک پریس بریفنگ میں رنبیر کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوال پر قطرینہ نے کہا، کوئی بھی شخص جو آپ کے قریب ہو، اس کے سامنے اداکاری کرنا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ بے خبر لوگوں کے سامنے اداکاری کرنا آسان ہے۔ جب کوئی آپ کو بہت اچھے طریقے سے جانتا ہے تو اس کے سامنے اداکاری کرنا تھوڑا سا عجیب محسوس ہوتا ہے۔‘
رنبیر اور قطرینہ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راج نیتی‘ کے بعد انوراگ باسو کی فلم ’جگا جاسوس‘ میں ایک بار پھر ساتھ نظر آنے والے ہیں اور یہ مزاحیہ فلم آئندہ برس ریلیز ہوگی۔
قطرینہ پہلی بار انوراگ باسو کے ساتھ کام کر رہی ہیں جبکہ رنبیر اس سے پہلے میں فلم ’برفی‘ میں انوراگ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس فلم میں ان کی اداکاری کی بہت تعریف ہوئی تھی۔
انوراگ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں قطرینہ کا کہنا ہے کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے دادا (باسو) کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ان کے کام کرنے کا طریقہ تھوڑا مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی پسند کی رفتار سے کام کرتے ہیں۔‘