اپنی پہلی ہی فلم ’’بینڈ باجہ بارات‘‘ سے راتوں رات خبروں میں آجانے والے اسٹار رنویر سنگھ آج بالی ووڈ میں اپنی زبردست پوزیشن بنائے ہوئے ہیں۔ ان کی پچھلی ریلیز فلم ’’رام لیلا‘‘ نے بھی باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔ اس فلم کے بعد تو ہندی فلم انڈسٹری کے نمبرون ہیروز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ پچھلے دنوں رنویر سنگھ سے لئے گئے ایک انٹرویو کا اقتباس یہاں پیش ہے:
س: بینڈ باجہ بارات کے بعد لگاتار آپ نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں اس بارے میں آپ کیا کہ
یں گے؟
ج: اچھی کہانیاں اور اچھے ڈائرکٹرس ملتے رہیں تو کامیابی یقینی بن جاتی ہے۔ میں ایسی ہی اسکرپٹس کو ترجیح دے رہا ہوں جو اچھی ہوں اور اچھے ڈائرکٹرس بھی میری ترجیح ہیں۔
س: بالی ووڈ میں داخلہ سے پہلے کیا آپ نے کبھی سونچا تھا کہ آپ آتے ہی آتے اتنی زبردست پوزیشن حاصل کریں گے؟
ج: نہیں اس کا مجھے گمان تک نہ تھا یہاں بہت مقابلہ ہے لیکن یش راج والوں نے مجھ پر بھروسہ کیا اور مجھے اپنی فلم میں کاسٹ کیا۔ قسمت نے ساتھ دیا اور فلم ہٹ ہوگئی ۔ جب سے لے کر اب تک میری فلمیں ہٹ ہی ہو رہی ہیں اور مجھے امید ہے کہ غنڈے بھی باکس آفس پر کامیابی کا نشانہ پورا کرے گی۔
س: بالی ووڈ میں اپنے آپ کو آپ کہاں پاتے ہیں؟
ج: میں ابھی یہاں بہت جونیر ہوں ابھی تو میں نے اپنی شروعات کی ہے۔ مجھے بہت کچھ کرنا ہے میں تو اتنا ہی کہوں گا کہ میں نے ابھی ابھی یہاں آنکھ کھولی ہے یہاں مقام پانے کے لئے مجھے ابھی بہت وقت لگے گا۔
س: فلم انڈسٹری میں آتے ہی آتے ڈھیر سارے ایوارڈس پاکر آپ نے کیا محسوس کیا؟
ج: میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے انڈسٹری میں آتے ہی آتے پہلی فلم سے اس قدر پہچان بنالی تھی اور آگے بھی لوگ مجھے اچھی طرح جاننے لگے ہیں میں چاہتا ہوں کہ یہی میری پہچان رہے اور لوگ میری اداکاری کو سرہایا کریں۔
س: خبر آئی ہے کہ آپ نے حال ہی میں یش راج کی ایک فلم شاہ رخ خان سے چھین لی ہے؟
ج: جی نہیں شاید میں اس فلم کے کردار کے لئے موزوں تھا مجھ میں شاہ رخ خان جیسی صلاحیتیں نہیں ہیں وہ بالی ووڈ کے سوپر اسٹار ہیں وہ مجھ سے سینئر ہیں میں بھلا ان کی فلم کیسے چھین سکتا ہوں۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اس بینر کے ذریعہ اپنے کیریئر کی شروعات کرنے کا موقع ملا اور وہ پھر سے مجھے ایک اور بڑا موقع دے رہے ہیں۔
س: آپ اپنے ہمعصر اداکاروں سے مقابلہ کرنے میں کس حد تک یقین کرتے ہیں؟
ج: یہ اپنے اپنے ٹیلنٹ کا معاملہ ہے میں نے اب تک اپنے کردار نبھائے ہیں۔ میں نے کبھی کسی سے مقابلہ کے بارے میں نہیں سونچا، رنبیر، ارجن، شاہد اور بھی کئی اداکار ہیں جو اپنے اپنے ٹیلنٹ کا یہاں مظاہرہ کررہے ہیں اور بھی کئی نوجوان اس سال بالی ووڈ میں داخلہ کررہے ہیں یہاں ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ قسمت کا بھی بڑا دخل ہوتا ہے۔
س: آپ کے خیال میں شاہ رخ، سلمان اور عامر خان میں سے کون زیادہ قابل لگتے ہیں؟
ج: تینوں خان اسٹارس میں بھی بلا کی صلاحیتیں ہیں کسی کو کسی سے زیادہ یا کم کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ یہ تینوں بھی بالی ووڈ کے اہم ستون ہیں۔ میں جہاں تک سمجھتا ہوں ان کی مارکٹ ویلیو بھی خوب ہے۔ ان کی فلموں سے فلمسازوں کو نقصان کا ڈر نہیں رہتا اورسیس میں ان کی بہت مانگ ہے۔ انڈسٹری میں شاید ایسے بہت کم اداکار ہیں جن کی فلمیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو جاتی ہیں۔ یہ تین خان بھی انڈسٹری کے تین یکے ہیں۔
س: مستقبل میں آپ کس طرح کے کردار کرنا زیادہ پسند کریں گے؟
ج: میرے خیال میں مجھے مختلف کردار کرنا چاہئے تبھی تو لوگ سمجھ پائیں گے کہ میں زیادہ تر چیلنجنگ رولس کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے رومانٹک اور کامیڈی کردار کرنے اچھے لگتے ہیں۔ میں اپنے کردار سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کرنا نہیں چاہتا۔
س: وہ کونسی اداکارائیں ہیں جن کے ساتھ آپ کام کرنا چاہتے ہیں؟
ج: کسی ایک دو کا نام نہیں لے سکتا میں تو سبھی کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔ یہاں سبھی باصلاحیت ہے میں ہر ایک کے ساتھ اپنی جوڑی بنانا چاہتا ہوں اور ہر بار میں اپنی فلموں میں الگ الگ اداکاراوں کے ساتھ دکھائی دینا چاہوں گا۔
س: آپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ آپ سولو کردار والی فلمیں کرنا پسند کرتے ہیں؟
ج: ہاں یہ سچ ہے ابتداء سے میں نے ایسا کہا ہے ایسے میں مجھے اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع مل سکتا ہے جب میں ایسا فیصلہ کرتا ہوں تو لوگ سوچنے لگتے ہیں کہ میں نے اپنا کیریئر پلان نہیں کیا ہے اور میں آنکھ بند کرکے کام کئے جارہا ہوں لیکن میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ میں لیڈ رول والی فلموں کو ہی اہمیت دوں گا۔