دبئی۔روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان ایشیا کپ انڈر 19کرکٹ ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلہ میں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوں گے۔انڈیا انڈر 19 ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو پانچ گیندیں باقی رہتے ہوئے تین وکٹ سے ہرادیا جب کہ پاکستان نے شارجہ میں پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو دس گیندیں باقی رہتے دو وکٹ سے شکست دی۔فائنل سنیچر کے روز شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ہندوستان کے خلاف سری لنکا نے اوپنر ہاسن ڈومنڈو (60) اورکپتان کشل مینڈس(52) کی نصف سنچریوں سے مقررہ پچاس اوور میں 8 وکٹ پر 223رن بنائے ۔ ہندوستان کی طرف سے کلدیپ یادو نے 49 رن پر تین وکٹ، دیپک ہوڈا نے 43رن پر دو وکٹ اور سرفراز خان نے 28 رن پر دو وکٹ لئے۔ ہندوستان نے 1ء49 اوور میں سات وکٹ پر 224رن بناکر جیت حاصل کی۔سلامی بلے باز اور وکٹ کیپر انکش بیس نے 54، اکھل ہرودکر نے 27 اور کپتان وجے جول نے 22،وکی سوئی نے 37 اورسرفراز نے 20، ہوڈا نے 17 اور کلدیپ یادو نے آؤٹ ہوئے بغیر 22 رن بناکرٹیم کو جیت دلائی۔پاکستان کو افغانستان کو ہرانے کے لئے کافی جد و جہد کرنی پڑی۔ افغانستان کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 4ء48اوور میں 196رن بنائے جب کہ پاکستان نے 2ء48اوور میں 8 وکٹ پر 199 رن بناکر جیت حاصل کی۔افغانستان کے لئے وحیداللہ شفق نے 48 او رحشمت اللہ شیبی نے 51رن بنائے۔ کرامت علی نے 33 رن پر پانچ اور سلمان سعید نے 45رن پر تین وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان کے لئے کپتان اور سلامی بلے باز سمیع اسلم نے 75رن کی اچھی اننگ کھیلی جب کہ امام الحق نے 42 اور حسن رضا نے 33رن بنائے۔ پاکستان نے ہدف کے پاس پہنچ کر 14رن کے وقفہ میں چار وکٹ گنوائے لیکن بالآخر جیتنے میں کامیا ب رہا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، افغانستان کی اننگز کا اختتام مقررہ اوور سے 8 گیندوں پہلے 196 رنز پر ہوا۔ پاکستانی لیگ اسپنر کرامت علی نے میچ میں ہیٹ ٹرک سمیت 5 شکار کئے۔
پاکستان کو بھی ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا رہا، گرین شرٹس نے ٹارگٹ زبردست مقابلے کے بعد 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان سمیع اسلم نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔