نئی دہلی: جنوبی روس میں آج ہوئے فلائی دوبئی طیارہ حادثہ میں مارے گئے 62مسافروں میں دو ہندستانی شہری بھی شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ماسکو میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ حادثہ میں مارے جانے والے طیارے کے مسافروں کے بارے میں روسی حکام کی جانب سے ماسکو میں واقع ہمارے سفارتخانہ کو بھیجی گئی فہرست میں دو ہندوستانی شہریوں انجو کتھیرویل ایپن اور موہن شوم کے نام بھی موجود ہیں۔ سفارتخانہ کے حکام اس بارے میں مقامی یونیورسٹی اور وہاں مقیم ہندستانی شہریوں سے ان دونوں ہندوستانی شہریوں کے تعلق سے اطلاعات حاصل کررہے ہیں۔فلائی دوبئی اے ئرلائنس کا یہ طیارہ آج صبح جنوبی روس کے روستوو آن دان ہوائی اڈے پر اترتے وقت حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کی تفتیش کررہی روس کی ایک کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ نے جیسے ہی رن وے پر اترنے کی کوشش کی وہ زمین سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی جس سے اس میں سوار تمام افراد مارے گئے ۔
یہ حادثہ آج ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 6بجکر 20منٹ پر ہوا جس وقت یہ طیارہ اے ئرپورٹ پر اتر رہا تھا وہاں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔