ماسکو: روس کے لیجنڈری اداکار آئیوان کریسکو نے 84 سال کی عمر میں اپنی سابقہ شاگرد جس کی عمر صرف 24 سال ہے سے شادی کر لی ہے۔ موصوفہ انھیں عشقیہ شاعری لکھ کر بھیجتی تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مشہور اداکار آئیوان کریسکو نے 84 سال کی عمر میں شادی کر لی ہے۔ خیال رہے کہ ان کی دلہن نتالیا شیول کی عمر صرف 24 سال ہے اور وہ ان کی سابقہ شاگرد ہے جو اس معمر اداکار کے عشق میں مبتلا ہو کر انھیں محبت نامے بھیجتی تھی۔ آئیوان کریسکو اور نتالیا شیول کے اس بے جوڑ رشتے کو دنیا بھر میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم دونوں کو اس کی قطعی پرواہ نہیں ہے۔ نوبیاہتا جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کا رشتہ کہیں جنت میں ہی طے پا گیا تھا۔ وہ تو بس دنیا میں اس کو نبھانے آئے ہیں۔
آئیوان کریسکو نے کہا ہے کہ انھیں پتا ہے کہ ان کی دلہن ان سے عمر میں 60 سال چھوٹی ہیں تاہم وہ ان سے اپنے خاندان کی شروعات کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ واضع رہے کہ آئیوان کریسکو کا شمار روس کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مختلف فلموں میں 140 سے زائد کردار ادا کئے ہیں۔ معمر روسی اداکار کی اس سے قبل بھی تین شادیاں ہو چکی ہیں۔ یہ تینوں سابقہ بیویاں بھی ان سے عمر میں بہت چھوٹی تھیں۔ شادی کی تقریب سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے نے بتایا کہ وہ ایک پل بھی ایک دوسرے کے بغیر زندگی گزارنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
آئیوان کریسکو اور نتالیا کی شادی سینٹ پیٹرسبرگ میں انجام پائی جن میں دونوں کے قریبی رشتہ داروں، عزیز واقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔ آئیوان کریسکو دو ہفتوں کے بعد اپنے 85 ویں سال میں داخل ہو جائیں گے نے کہا کہ انھیں بچوں کی شدید خواہش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی طور پر نتالیا کو اپنے مستقبل کے بارے کچھ خوف درپیش ہیں تاہم میرے لئے یہ زندگی کے بہترین وقت کی شروعات ہے۔ آئیوان نے بتایا کہ وہ ابھی تک اپنی دلہن کے والدین سے نہیں ملے۔ روس کے معمر اداکار آئیوان نے نتالیا کو سینٹ پیٹرسبرگ کے میٹرو سٹیشن پر گھٹنوں پر جھک کر پرپوز کیا تھا اور انھیں تحفے میں ہیرے کی انگھوٹھی دی تھی۔
نتالیا نے اس پیشکش کو قبول کرنے میں کسی شش و پنج سے کام نہیں لیا اور فوری ہاں کہہ دی۔ اس سے اگلے ہی دن دونوں نے میرج بیورو میں شادی کی رجسٹریشن کیلئے درخواست دیدی تھی۔ جب ایک روسی صحافی نے اس شادی کو پبلسٹی سٹنٹ لکھتے ہوئے کہا کہ نوجوان نتالیا نے زندگی میں کامیاب ہونے کیلئے شارٹ کٹ مارنے کی کوشش کی ہے تو آئیوان نے اس خیال کو ہی سختی سے مسترد کر دیا تھا۔