نئی دہلی:روڈریج کے ایک واقعہ مین مغربی دہلی کے وکاس پوری علاقے میں ڈنڈوں اور بیٹ سے پیٹ پیٹ کر ایک ڈاکٹر کوقتل کردیا گیا۔مغربی ڈسٹرکٹ پولس کمشنر پشپیندر نے آج یہاں بتایا کہ یہ واقعہ 23 مارچ کی رات کو وکاس پوری کی ایک گروپ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نزدیک پیش آیا ۔سوسائٹی میں رہنے والے 40سالہ ڈاکٹر پنکج نارنگ اس دن اپنے بیٹے کے ساتھ گھر کے لان میں کرکٹ کھیل رہے تھے ۔اسی دوران گیند سڑک پر چلی گئی۔پنکج کا بیٹا جیسے ہی گیند لینے سڑک پر پہنچا وہاں تیز رفتار ی سے ایک موٹر سائکل آرہی تھی۔موٹر سائکل سے بچے کو کہیں چوٹ نہ لگ جائے پنکج نے ایک موٹر سائکل سوار کو ہاتھ دے کر روک دیا۔اس بات پر بائک پر سوار نوجوانوں اور ڈاکٹر کے درمیان کہا سنی شروع ہوگئی۔اسی درمیان بائک سوار نوجوانوں نے وہاں اپنے چند ساتھیوں کو اور بلا لیا اور سب نے مل کر ڈاکٹر کو لوہے کی چھڑوں ،بیٹ اور ڈنڈوں سے بری طرح پیٹنا شروع کر دیا جس سے ان کی موت ہوگئی۔
ملزم واردات کو انجام دے کر وہاں سے بھاگ نکلے ۔پنکج کے گھروالوں نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی ۔آس پاس کے لوگوں اور وہاں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے آٹھ حملہ آوروں کو تلاش کرلیا گیا ہے ،جن میں چار بالغ ملزمان گوپال ،ناصر ،عامر اورایک عورت میسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تین نابالغ ملزمین کو حراست میں لیا گیا ہے ۔پولس کے مطابق حملہ کے واقعہ میں شامل ملزمین کی تلاش کی جارہی ہے اور پکڑے گئے ان کے ساتھیوں سے پوچھ گچھ ہورہی ہے ۔سبھی گرفتار ملزمین اتم نگر کے نزدیک جے جے کالونی علاقے کے رہنے والے ہیں۔