نئی دہلی: وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں ،رکسول (ہندوستان ) سے املیکھ گنج (نیپال ) تک پٹرولیم مصنوعات کے لئے پائپ لائن کی تعمیر اور املیکھ گنج اور اس سے متعلقہ دیگر اداروں میں انجنئیرنگ کے کام دوبارہ شروع کرنے کے لئے حکومت ہنداورنیپال سرکار کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کئے جانے کی منظوری دے دی گئی۔
اس مفاہمت نامے سے تیل کے شعبے میں دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا اور نیپال کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔علاوہ ازیں اس مفاہمت نامے سے ماحولیات کو تحفظ فراہم ہوگا اور رکسول میں بین الاقوامی سرحد پر گھنی آبادی کو کم کیا جاسکے گا۔