لکھنؤ(نامہ نگار)۔گومتی نگر علاقے میں ر ہنے والے ایک رکشہ چلانے والے کا گذشتہ شب قتل کردیا گیا۔ فی الحال اس کے کنبے والے نے کسی پر کوئی شک نہیں ظاہر کیا ہے ۔ ایس پی گومتی پاردنیش یادو نے بتایا کہ گونڈہ کارہنے والا پچاس سالہ سنتوشی کشیپ اپنی بیوی سیما اور آٹھ بچوں کے ساتھ گومتی نگر سنٹرل اسکول کے پیچھے رہتاتھا۔ سنتوشی اسکولی بچوں کو لانے لے جانے کا کام کرتاتھا۔ اتوار کی رات تقریباً سات بجے سنتوشی بیوی سے کھاناپکانے کی بات کہہ کر چلا گیا۔ اس کے بعد وہ گھر واپس نہیں آیا۔ گھر والوںنے
جب اس کوفون کیا تواس کاموبائل بند تھا۔ گھر والوںنے سنتوشی کشیپ کو پوری رات تلاش کیا لیکن اس کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ دوشنبہ کی صبح پکنک اسپاٹ واقع جرہرا گائوں کے نزدیک سنتوشی کشیپ کی خون سے لت پت لاش پڑی ملی ۔اطلاع ملنے پرپہنچی پولیس نے تفتیش کی تولاش کے نزدیک ہی پولیس کو خون آلود ہتھوڑا بھی مل گیا ۔ سنتوشی کے سر وچہرے پر ہتھوڑے سے حملہ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو سنتوشی کے پاس سے ایک کاغذ ملا اس پراس کی بیوی کانام اور موبائل نمبر لکھا تھا۔ اندرا نگر پولیس نے اس بات کی اطلاع سیما کودی۔ موقع پرسیما اور اس کے کنبے کے لوگ پہنچ گئے ۔ ان لوگوںنے لاش کی شناخت کی ۔ شناخت کے بعد پولیس نے لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں سیما کی تحریر پر نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کرلی ہے ۔سنتوشی کشیپ کے پہلی بیوی کی موت ہو چکی ہے اس نے سیما سے دوسری شادی کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنتوشی کشیپ کے قتل میں اب تک کی گئی تفتیش میں ناجائز تعلقات کی بات سامنے آرہی ہے۔ پولیس کو سنتوشی کا موبائل فون نہیںملا ہے ۔ پولیس سرولانس کی مدد سے سنتوشی اور اس کی بیوی سیما کے موبائل فون کی جانچ کررہی ہے۔