کانپور (نامہ نگار)ریاست میں نظم ونسق اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی صرف عوام کے ذریعہ ہی نہیں بلکہ ارکان اسمبلی کے ذریعہ بھی کی جاتی رہی ہے۔ ایسا ہی ایک نظارہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب ممنوعہ مقام پر رکن اسمبلی کی کارکو ٹریفک پولیس اہلکار اٹھانے لگے۔ اسی دوران رکن اسمبلی نے پولیس افسران وملازمین کو انتباہ دیا۔اور انہوں نے بغیر چالان کئے رکن اسمبلی کو جانے دیا۔لیکن رکن اسمبلی کے جانے کے بعد پولیس نے کئی لوگوں کے چالان کردیئے۔ عوام نے جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔ کرنل گنج تھانہ میں تعینات چنی گنج چوکی انچارج کشل پال سنگھ علاقہ میں پارکنگ کے مسئلہ کے سلسلہ میں معائنہ کررہے تھے اسی دوران پریڈ چوراہے پر سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ستیش نگم کا بھتیجہ پہنچا اور سڑک پر کار کھڑی کرنے کے بعد چلاگیا۔اسی دوران چوکی انچارج بھی موقع پر پہنچے اور نو
پارکنگ زون میں کھڑی ہوئی کار کو کرین کے ذریعہ لے جانے لگے۔رکن اسمبلی کابھتیجا بھی اپنے حامیوں کے ساتھ موقع پر آگئے اور ٹریفک پولیس افسران کے ساتھ بحث کرنے لگے۔اسی دوران رکن اسمبلی کو بھی اس واقعہ کی اطلاع دے دی گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد رکن اسمبلی ستیش نگم موقع پر پہنچے اور پولیس ملازمین کی سرزنش کرنے لگے۔جس کے بعد پولیس ملازمین اور چوکی انچارج خاموش ہوگئے۔پولیس نے رکن اسمبلی کی گاڑی کو بغیر چالان کے جانے دیا۔لیکن کئی گاڑیوں کا چالان کردیا۔
اسی دوران موقع پر کچھ موجود لوگوں نے رکن اسمبلی کے خلاف نعرے لگانے شروع کردیئے۔پارکنگ میں موجود لوگوں نے پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے۔