لندن: رگبی ورلڈ کپ 2015 کی رنگ ارنگ ویلکم پارٹی لندن میں منعقد کی گئی جس میں برطانوی پرائم منسٹر ڈیوڈ کیمرون موجود تھے ساتھ ہی پرنس ہیری کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، ویکن ہیم اسٹیڈیم لندن میں ہونے والی رنگارنگ تقریب میں 80 ہزار کے قریب رگبی فینز موجود تھے۔ تقریب میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پرنس ہیری کو خوش آمدید کہا اور پھر فوٹو سیشنز بھی ہوئے، پرنس ہیری رگبی فٹبال یونین کے پیٹرن بھی ہیں جبکہ 2015 رگبی ورلڈ کپ کے اعزازی صدر بھی ہیں۔ رگبی ورلڈ کپ کی ٹرافی منظر عام پر لائی گئی جبکہ ایونٹ میں شریک ممالک کے پرچموں نے ماحول کو رنگا رنگ کر دیا، اس موقع پر ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ اولمپکس اور پیرا ولمپکس جیسے بڑے ایونٹ کے بعد رگبی ورلڈ کپ کا انگلینڈ میں ہونا فخر کی بات ہے۔
دوسری جانب پرنس ہیری نے کہا کہ آٹھویں رگبی ورلڈ کپ کی تقریب میں شرکت بہت بڑا اعزاز ہے، امید ہے کہ چھ ہفتے فینز کو زبردست میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ رگبی ورلڈ کپ 18 ستمبر سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا، ایونٹ میں بیس ممالک حصہ لے رہے ہیں۔