رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو منی کے تلخ واقعے کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے حق و انصاف کے تقاضوں کے مطابق عمل کرنا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سرزمین منی کے المناک سانحے کے بارے میں ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس پیغام میں تاکید کی ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو اس ناخوشگوار سانحے کی بھاری ذمےداری قبول کرنی چاہئے اور حق و انصاف کے تقاضوں کے مطابق ضروری اقدامات انجام دینے چاہئیں۔ رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام میں مزید آیا ہے کہ اس سانحے کا سبب بننے والی غلط مینیجمنٹ اور ناپسندیدہ اقدامات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیغام میں مزید آیا ہے کہ ایران کا حج و زیارات کا ادارہ دوسرے ممالک کے حجاج کی بھی ہر ممکن مدد کرے اور اسلامی بھائی چارے کا حق ادا کرے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ منی میں جاں بحق ہونے والے حجاج طواف و سعی اور عرفات و مشعر میں کچھ بابرکت وقت گزارنے کے بعد اور حج کے اعمال انجام دینے کے دوران اپنے معبود کی بارگاہ میں حاضر ہوئے ہیں اور ذات احدیت کا خاص لطف و کرم ان کے شامل حال ہوگا۔ ان شاء اللہ۔ واضح رہے کہ سانحہ منی میں متعدد حجاج کرام جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں اور رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں تین دن تک عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔