لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ انڈیا ٹی وی چینل کی اینکر تنو شرما کی جانب سے سنستھان کے سینئر ملازمین پر غیر اخلاقی کاموں کیلئے دباؤ ڈالنے کا الزام پولیس کے سامنے لگانے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کے خلاف آج اتوار کو لکھنؤ جی پی او واقع گاندھی مجسمہ کے سامنے مختلف تنظیموں کے کارکنان اور دانشوروں نے کینڈل مارچ نکال کر احتجاج کیا۔ا حتجاج کرنے والوں نے پارلیمانی انتخاب میں انڈیا ٹی وی کے رول کی جانچ کراؤ ایف آئی ار سے رجت شرما کی بیوی ریتو دھون کانام ہٹانے والے پولیس افسر کو معطل کرو، تنو شرما کے خلاف انڈیا ٹی وی کے دباؤمیں لکھے گئے مقدمہ کو خارج کیا جائے۔ سب انسپکٹر ارونا اور تنو شرما معام
لہ میں ملزمان کے ساتھ کھڑی سماجوادی حکومت شرم کرو۔ خواتین مخالف انڈیا ٹی وی کا واک آؤٹ کرو، تنو شرما معاملہ کی سی بی آئی جانچ کراؤ وغیرہ نعرے لکھی تختیاں لے رکھی تھیں۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ کو بھیجی گئی عرضداشت میں کہا ہے کہ تنو شرما معاملہ پوری ریاست میں خواتین کے خلاف انتظامی تحفظ میں ہو رہے جرائم کی تازہ ترین مثال ہے۔ جس میں انتظامیہ کھل کر مجرمین کی حمایت میں کھڑا دیکھ رہا ہے۔ عرضداشت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چونکہ تنو شرما معاملہ نوئیڈا اترپردیش کے اندر پیش آیا اس لئے اس معاملہ میں سماج وادی حکومت سی بی آئی جانچ کی منظوری دے۔ ایسا اس لئے ضروری ہے کہ یہ معاملہ پارلیمانی انتخابات کے دوران ہوا تھا۔ مظاہرین نے پریس کونسل آف انڈیا سے مطالبہ کیا کہ تنو شرما نے گزشتہ ۵؍فروری کو انڈیا ٹی وی چینل کوجوائن کیا تھا۔ پارلیمانی انتخابات کودیکھتے ہوئے تمام چینلوں نے نئی تقرریاں کی تھیں۔ ایسے میں پریس کونسل آف انڈیا کو چاہئے کہ وہ ان تمام تقرریوں پرایک نگرانی کمیٹی کا قیام کرے اور ان کے حالات کوسمجھنے کی کوشش کرے تاکہ تنو شرما جیسی دیگر واردات نہ ہوں۔ مظاہرین نے کہا کہ جس طریقہ سے تنو شرما اور ارونا رائے کے ساتھ ہوا اور انصاف میں مسلسل رکاوٹ پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اس سے پورے سماج میں غلط پیغام جاتا ہے جس کے سبب کوئی بھی لڑکی میڈیا سنستھان اور پولیس محکمہ میں نہیں جانا چاہے گی اور نہ ہی کوئی سرپرست اپنی بچیوں کو اس میں بھیجے گا۔ مظاہرہ میں ستیندر کمار، میگ سیسے اعزاز سے سرفراز سماجی کارکن سندیپ پانڈے، ناگرک پریشد کے رام کرشن، مزدور لیڈر کے کے شکلا ، روڈویز ملازمین کے لیڈر ہومیندر مشرا، پرتاپ گڑھ کے شمس تبریز، ہردوئی کے سماجی کارکن رادھے شیام کپور، رہائی منچ کے صدر محمد شعیب، اے کے سنگھ، اکھلیش سکسینہ، غفران صدیقی، ارونا سنگھ، شاہنواز عالم، ہرے رام مشرا، سی بی ترپاٹھی، کسان لیڈر شیوا جی رائے، راجیو یادو وغیرہ موجود تھے۔