لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا ہے کہ نوٹوں کی منسوخی سے پریشان ریاست کے عوام کو حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔مسٹر یادو نے نوٹوں کی منسوخی کے مسئلے سے پریشان کسانوں، غریبوں، مزدوروں، خواتین سمیت تمام طبقات کے ساتھ ہمدردی اور حساسیت کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت ضلع افسروں اور پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو دیئے ہیں۔ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی نے ضلع کی انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے کہ نوٹ بندہونے کے معاملے میں عوام کے ساتھ غیر شائستہ رویے کے لئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس موسم میں ربیع کی بوائی کا کام چل رہا ہے ، ایسے میں تمام ضلع مجسٹریٹ یہ یقینی بنائیں کہ کسانوں کو کرنسی بند کرنے کی وجہ سے بیج اور کھاد سمیت دیگر زرعی سامان حاصل کرنے میں مشکل نہ ہو۔انہوں نے یہ وارننگ بھی دی کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت سے کسانوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک اور ریاست کی فوڈ سکیورٹی پر اثر پڑے گا۔اسی وجہ سے تمام ضلع مجسٹریٹ محتاط رہ کر ربیع کی فصل کی بوائی سے متعلق کسانوں کے مسائل فوری طور پر سلجھائے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ فتح پور میں بینک سے نوٹ نکالنے کے لئے لائنوں میں لوگوں پر لاٹھی چارج کرنے کے الزام میں وہاں کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ تھانہ انچارج کو وزیر اعلی نے معطل کر دیا تھا۔