لکھنؤ۔ (نامہ نگار)اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے ریاستی حکومت کے ذریعے بڑے پیمانے پرتبادلوں کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر کو خط تحریر کرتے ہوئے فکر مندی ظاہر کی ۔ چیف الیکشن کمشنر کو تحریر کردہ خط میں کہا گیا کہ پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد ہی ہونے والا ہے۔اس سے قبل ہی اترپردیش حکومت نے گذشتہ چار ہفتے میں ۳۴۲افسران کا تبادلہ کردیا ہے۔ زیادہ ترپی سی ایس افسران کو ترقی دے کر ضلع مجسٹریٹ بنایا گیا ہے ۔ سی ڈی او، اے ڈی ایم اور نظم ونسق اور انتخابات سے متعلق زیادہ تر افسران کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔ جبکہ عدالت عظمیٰ میں کم سے کم دو سال کی مدت میں بغیر کسی وجہ کے تبادلہ کرنے پر روک لگا رکھی ہے۔
بدقسمتی یہ ہے کہ اترپردیش کی گذشتہ غیر کانگریسی حکومتوں نے افسران کو ذات کے بنیاد پر خیموں میں تقسیم کررکھا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنے بڑے پیمانے پر تبادلوں سے موجودہ حکومت کیا غیر جانب دارانہ انتخابات کرانا چاہتی ہے۔