لکھنؤ: سماج وادی پارٹی حکومت کی غلط پالیسیوں کی مخالفت میں اترپردیش ریاستی ملازمین کے ذریعہ ہڑتال سے عام لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کے ذریعہ ملازمین کو پریشان کرنے کی اسکیم قابل مذمت ہے ۔ اترپردیش کانگریس کمیٹی کے پروٹو کول اور انتظامات کے انچارج اومکار ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی حکومت بے اثر ہو گئی ہے۔ ریاستی ملازمین کے معاملات پر جس طرح حکومت نے ضدی رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں پریشان کرنے کی اسکیم بنائی ہے جمہوریت میں یہ غیر مناسب ہے۔ ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کو ریاستی ملازمین کے جائز مطالبات کو منظور کرتے ہوئے ہڑتال کو ختم کرانے کی جانب مثبت کارروائی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاستی ملازمین کے مطالبات کی مکمل طور سے حمایت کرتی ہے۔