لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماجو ادی پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ریاست میں نئی صنعتیں قائم کرانے اور سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہیں۔ بارہ جون کو وزیر اعلیٰ دہلی میں ایک پروگرام کا انعقاد کریں گے جس میں پوری دنیا کی پچاس سے زائد کمپنیاں شرکت کریں گی۔ مذکورہ پروگرام میں جرمنی، کناڈا، اٹلی، تائیوان، ترکی، چیک ریپبلک کی صنعتی تنظیمیں حصہ لیں گی۔ پروگرام کا مقصد زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو ریاست کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کرانا اور ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ سماج وادی پارٹی حکومت نے آبادی کے
لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کی ہمہ جہت ترقی کیلئے نئی پالیسیاں مرتب کی ہیں اور انہیں نافذ کرکے اقتصادیات کو تیز رفتاری دی ہے۔ زراعت، صنعتوں کی ترقی اور مختلف اداروں میں سہولیات ، توانائی شعبہ میں خود کفالت ، طبی خدمات شعبہ میں توسیع ، سڑکوں کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اہم قدموں سے ریاست کی اقتصادیات کومضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے صنعت کاروںکو راغب کرنے اور انہیں نئے منصوبے قاء کرنے کیلئے سہولیات دی جا رہی ہے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ سماج وادی تحریک کے بانی ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نے ’بیروزگاروںکو کام دو یا بھتہ دو‘ کا نعرہ دیا تھا۔ اس نعرہ کو سماج وادی پارٹی کی حکومت میں ملائم سنگھ یادو اور بعد میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو عمل میں لائے۔