لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ریاست میں قتل ، لوٹ اور آبروریزی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ریاست کا نظم ونسق مکمل طور سے درہم برہم ہو گیاہے۔ ریاستی کانگریس کے ترجمان آر پی سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی روز اول سے برسراقتدار پارٹی کے لیڈران ، وزراء، ارکان اسمبلی کے ذریعہ پولیس افسران اور ملازمین کے حوصلوں کو پست کرنے کا الزام عائد کرتی آرہی ہے لیکن جرائم پیشہ اور برسراقتدار پارٹی کے کارکنان کے ملوث ہونے کے سبب سخت قدم نہیں اٹھائے گئے جس کی وجہ سے روز بروز نظم و نسق خراب ہوتا چلاگیا اور آج ریاست میں نظم ونسق کی حالت بد سے بدتر ہو گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ریاست کے عوام نے بہتر نظم ونسق اور ترقی کی جس امید کے ساتھ سابقہ بی ایس پی حکومت کو نامنظور کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے نوجوان لیڈر کو ریاست کی ذمہ داری سپرد کی تھی آج وہیں عوام خود کوبے بس محسوس کر رہے ہیں۔ ریاست میں روزانہ اجتماعی آبروریزی اور خواتین کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے جس سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں نا اہل ثابت ہو رہی ہے۔