لکھنؤ(بیورو)۔وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے ریاست کے پولیو سے پاک ہونے پرمحکمہ صحت، عالمی صحت تنظیم اوراس کام میںلگے ڈاکٹروں ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ملازمین کومبارک باد دی ہے ۔انھوںنے کہا کہ اس مہم کی کامیابی کاسہرا لاکھوں کارکنوںکی سخت محنت، محکمہ صحت کی کوششوں اورریاستی حکومت کے عزم کو جاتا ہے ۔جس طرح انسداد پولیو پروگرام کو سبھی کی حصہ داری سے کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کیا گیا اس کو دیگر پروگراموں کی کامیابی کیلئے ایک مثال کے طور پردیکھا جاسکتا ہے ۔ اس دوران ریاست میں پولیو کے معاملات میں بہت کمی کرلی گئی تھی اب جبکہ اس سنگین بیماری سے ریاست کو نجات مل گئی ہے توہمیں یہ کوشش کرنا ہوگی کہ مستقبل میں یہ بیماری اپنا سر نہ اٹھا سکے ۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بات آج عالمی صحت تنظیم کی جانب سے ریاست اور ملک کو پولیو سے پاک قرار دئے جانے کے سلسلے میںہوٹل پکیڈلی میں منعقد کنسلٹیشن آن پولیو اینڈ امیونائزیشن اینڈ فیلی سی ٹیشن پروگرام میںکہی ۔ انھوںنے کہا کہ کئی سال سے چلائی جارہی انسداد پولیومہم سے لوگوںمیںبیداری آئی اور سب
کی مشترکہ کوششوںسے ہمیںیہ کامیابی ملی ہے ۔وہیں عالمی صحت تنظیم کی ہندوستان میں نمائندہ ڈاکٹر ناٹا منابدے نے کہا کہ اتر پردیش کو سبھی کے تعاون سے پولیو سے پاک بنایا جاسکا ہے ۔ عالمی صحت تنظیم اپنے نیٹ ورک کے ذریعہ ٹیکاکاری سے روکے جاسکنے والی بیماریوںسے ریاست کے سبھی بچوں کو بچائے رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔اور اس کااثر نوزائیدہ کے شرح اموات کو کم کرنے میں بھی ملے گا۔ وزیر صحت احمد حسن نے کہا کہ ریاست کے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹروں اوردیگراسٹاف کے علاوہ کارکنوں نے پورے جوش سے انسداد پولیو کے لئے کام کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس مہم میں خاص دلچسپی دکھاتے ہوئے سب کی رہنمائی کی۔ وزیر اعلیٰ نے پرنسپل سکریٹری صحت وطب اروند کمار، مشن ڈائرکٹر امت گھوش ، ڈائرکٹر جنرل کنبہ بہبود ڈاکٹر وجے لکشمی ، ڈاکٹر اے پی چترویدی کے علاوہ کئی دیگر لوگوںکویادگاری نشان سے نوازا۔