لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس پارٹی کی سابق ریاستی صدر و رکن اسمبلی ڈاکٹر ریتا بہوگناجوشی نے ڈاکٹروں کے خلاف نا انصافی کے خلاف ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اثر سے جیلوں میں بند ڈاکٹروں کے خلاف مقدمے واپس لیتے ہوئے انہیں با عزت طور پر رہا کرے اور معاملہ کی ہائی کورٹ کے جج کے ذریعہ عدالتی جانچ کرائے تاکہ حقیقت سب کے سامنے آسکے اور اصل ملزمین کو سزا مل سکے۔ پروفیسر جوشی نے کہا کہ ریاست میں نظم و نسق خراب ہو تا جا رہاہے اور جس طرح سے جونیئر ڈاکٹر متحرک ہوکر ہڑتال کر رہے ہیں وہ افسوس ناک ہے۔ حکومت کی لاپروائی اور اپنے رکن اسمبلی کو بچانے سے حکومت کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ہمارے سماج کے دانشور طبقہ سے ہی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے جذبہ سے اس میں شامل ہوتے ہیں ۔ پولیس کے ذریعہ ڈاکٹروں کے ساتھ جو کیا گیا وہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ اس معاملہ میں غیر جانبدارانہ طریقہ سے جانچ کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بغیر کسی جانچ کے پورا الزام ڈاکٹروں پر عائد کر کے انہیں مجرم تصور کر لیا ہے جس کا اثر پوری ریاست میںجونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ روزانہ علاج کی کمی کے سبب اسپتالوں میں مریضو ں کی موت ہو رہی ہے۔