کانپور۔ (نامہ نگار)۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری جناردن دیویدی نے ذات پر مبنی ریزرویشن کو ختم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کے اس بیان کی مخالفت میں بھارتیہ دلت سنگھرش سینا نے چیتنا چوراہے پر ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ تنظیم کے علاقائی صدر سدھیر دیوان نے کہا کہ آئین میں ملک میں محروم سماج کو ان کے حقوق دلانے کیلئے ریزرویشن کا بندوبست کیا گیا تھا۔ ملک پر سب سے زیادہ حکمرانی کرنے والی کانگریس نے ابھی تک اس طبقہ کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیااس کے باوجود کچھ کانگریسی ریزرویشن بندوبست کو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ درج فہرست ذات و اقوام و قبائل اور پسماندہ طبقوں کی ترقی کے خواہاں نہیں ہیں۔
مظاہرین میں اروند سونکر، رویندر گوتم، نیرج کمار اور نوین گوتم وغیرہ شامل تھے۔