نئی دہلی: ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ریلوے کے انجینئروں سے آ ج اپیل کی کہ وہ مکمل طورپر محفوظ ریل سفر کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان تال میل قائم کرکے زیروایکسیڈنٹ مشن شروع کریں۔مسٹر پربھو نے یہاں ریلوے کے کمانڈ ،کنٹرول اینڈ کمیونکیشن سسٹم فار مین لائن، میٹرو اینڈ ہائی اسپیڈ ٹرانزٹ سسٹمس کی دو روزہ کانفرنس کے اختتام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے کے سامنے محفوظ آمدورفت کا چیلنج ہے ۔
لوگ بغیر کسی حادثہ کے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچ سکیں اس کے لئے ہمیں ریلوے اور مختلف شعبوں میں دستیاب سائنس و تکنیک کا استعمال کرکے ملک میں زیروایکسیڈنٹ مشن شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ایسی تنیک کی ضرورت ہے جو انسانی غلطیوں کو بھی کنٹرول کرسکے ۔مسٹر پربھو نے ریلوے میں جیوپوزیشننگ اور ریموٹ سنسنگ تکنیک کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ریلوے سے علاحدہ مختلف شعبوں میں کام آنے والی تکنیک کو بھی ریلوے میں استعمال کرنے کے امکانات کا پتہ لگانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بے پہرہ ریلوے کراسنگ مسئلہ کو حل کرنے کیلئے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی مدد سے کوشش کی جارہی ہے ۔