لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔گومتی نگر کے وبھوتی کھنڈ علاقہ میں ریلوے لائن پر ایک مزدور کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کا قتل کیا گیا ہے حالانکہ پولیس کاکہنا ہے کہ مزدور کی موت محض ایک حادثہ ہے۔ اس سلسلہ میں وبھوتی کھنڈ ایس او دویندر دوبے نے بتایا کہ دو شنبہ کے روز صبح تقریباً ۸ بجے پولیس کو گومتی نگر ملہور ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ریلوے کراسنگ پر ایک شخص کی مسخ شدہ لاش پڑی ہونے کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچی پولیس کو تفتیش کے دوران متوفی کے پاس سے ایک شناختی کارڈ ملا جس کی مدد سے پولیس نے اس کی شناخت گڑمبا کے کرسی روڈ کے رہنے والے ۳۵ سالہ رامیشور کے طور پر کی ہے۔
پولیس کے ذریعہ اس کی اطلاع متوفی کے بھائی کو دی گئی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اس کی لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رامیشور کا قتل کیا گیاہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ رامیشور کی موت محض ایک حادثہ ہے۔