لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ جانکی پورم علاقہ میں ریلوے کراسنگ پر ایک نوجوان کی لاش پڑی ملی۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ وہیں اہل خانہ نے قتل کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سیتاپور سنسری رتولی لہر پور کے رہنے والے دھیرج شکلا عرف گڈو (۲۶) کی لاش بھٹولی کے ریلوے کراسنگ کے نزدیک ریلوے ٹریک پر پڑی ملی۔ منگل کی صبح تقریباً ۹ بجے جب مقامی لوگ رفع حاجت کیلئے گئے تو انہوں نے دیکھا اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ متوفی کے پاس ملے موبائل سے اس کی شناخت ہوئی۔
اور پتہ چلا کہ وہ جانکی پورم ساٹھ فٹا روڈ پر سنجے برادرس کچن کیئر سینٹر پر نوکری کرتا تھا۔ سنجے نے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت کی۔ انہوں نے بتایا کہ دو شنبہ کو چار بجے متوفی ان کی دکان سے نکلا تھا اور ساٹھ فٹا روڈ پر ۸
بجے تک دیکھا گیا۔ متوفی دھیرج کی شادی چھ ماہ قبل اِگپور سیتاپورکی رہنے والی سادھنا سے ہوئی تھی۔