متوفی کے کنبہ والوں نے لگایا قتل کئے جانے کاالزام
کانپور:کانپور۔جھاسی ریلوے ٹریک کے کنارے منگل کی صبح نوجوان کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی کنبہ والوں نے پڑوس میں رہنے والی شادی شدہ خاتون سے معاشقہ کی بات بتانے پر قتل کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس متوفی کے کنبہ کی جانب سے تحریر ملنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک انتظار کررہی ہے۔
گووند نگرتھانہ علاقے کے روی داس پورم میں رہنے والی رانی کے شوہر وجے سنگھ راٹھور کی موت ہو چکی ہے۔ ان کے چار بچوں میں دیپو سب سے بڑا تھا اور لیدر کا پرس بنانے کا کام کرتا تھا۔ دیپو کے پڑوس میں رہنے والے رام ولاس کی بیوی شاردا سے معاشقہ تھا۔ اطلاع پر خاتون کے شوہر نے دوشنبہ کی صبح دیپو کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی ۔ متوفی کی والدہ نے بتایاکہ بیٹا دیپو گزشتہ دوشنہ کی شب دس بجے بغیر بتائے گھر سے نکل گیا کافی دیر ہو جانے کے بعد بھی وہ گھر نہیں لوٹا اس کے نہ لوٹنے پر کافی تلاش کی گئی لیکن اس کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ آج صبح اطلاع ملی کی اس کی لاش ریلوے ٹریک کے کنارے پڑی ہوئی ہے۔
والدہ نے بتایا کہ وہ اس کا معاشقہ کافی عرصہ سے رام ولاس کی بیوی سے تھا۔ اس معاملے میں اسے بہت سمجھایا گیا لیکن وہ نہیں مانا رام ولاس گزشتہ دوشنبہ کو گھر آکر گالی گلوچ کرتے ہوئے دھمکی دے گیا تھا کہ اپنے بیٹے کو سمجھا لو نہیں تو جان سے مار دونگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ رام ولا س نے ہی بیٹے کا قتل کرنے کے بعد لاش کو ریلوے ٹریک کے پاس پھینک دیاہے۔پنکی تھانہ انچارج آشیش مشرا کا کہنا ہے کہ ابھی تک متوفی کے کنبہ والوں کی طرف سے کوئی تحریر نہیں ملی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا گیا ہے۔ تحریر اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معاملے کی جانچ کر کے آئندہ کی کارروائی کی جائے گی۔