نئی دہلی، 21 جون (یو این آئی) دہلی کی ریاستی کانگریس کیلیڈروں نے ریلوے مسافر کرائے اور مال بھاڑے میں زبردست اضافہ کی مخالفت میں آج یہاں مظاہرہ کیا اور اضافہ شدہ شرحوں کو فوراً واپس لینے کا مطالبہ کیا۔دہلی کی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر اروند سنگھ لولی، سابق ممبر پارلیمنٹ مہا بل مشرا اور سابق ایم ایل اے اور ریاستی کانگریس کے ترجمان مکیش شرما کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکن نے ریلوے کرائے کے سلسلے میں مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو ریل بھون سے پہلے پریس کلب کے پاس روک دیا اور انہیں منتشر کرنے کے لئیپانی کی بوچھاریں کیں۔مسٹر لولی نے ریلوے کرایہ بڑھائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوگوں کو “اچھے دن” آنے کا لالچ دیا تھا لیکن الیکشن میں جیت حاصل کرنے کے فوراً بعد اس کی اصلیت سامنے آگئی۔اب وہ اچھے دن کی بجائے معیشت کی بدحالی کا بہانہ بنا کر “کڑوی دوا” پلانے کی بات کرنے لگی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے ریل کرائے میں کل 14 اعشاریہ 2 فیصد اور مال بھاڑے میں 6 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت نے کرایہ میں اضافہ کرتے ہوئے یہ دلیل دی کہ یہ فیصلہ سابقہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) نے کیا تھا۔