وارانسی، 19 دسمبر (یوا ین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر اعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی کی ریلی شروع ہونے سے پہلیاس مقام پر نماز ادا کرنے کی خبروں سے پھیلی بے چینی کو دور کرنے کے لئے پارٹی کو صفائی دینی پڑرہی ہے کہ ایسا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ ریاستی صدر ڈاکٹر لکشی کانت واجپئی نے آج یہاں کہا کہ کچھ اخباروں میں اس طرح کی خبریں آئی ہیں کہ مسٹر مودی کی ریلی شروع ہونے کے پہلے وہاں نماز ادا کی جائے گی۔ یہ خبر بے بنیاد ہے اور پارٹی اس کی جانچ کرائے گی ۔ ڈاکٹر واجپئی نے کہا کہ مسٹر مودی کی ریلی سیاسی پروگرام ہے ۔ مذہبی پروگرام نہیں ہے اس لئے ریلی کے مقام پر مذہبی رسم کیسے ادا جا سکتی ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پارٹی کے اقلیتی مورچے کی صدر رومانا صدیقی کے حوالے سے کچھ اخباروں میں خبر شائع ہوئی ہے کہ ریلی شروع ہونے سے پہلے وہاں نماز ادا کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ صدیقی کے خلاف کارروائی ہوگی یا نہیں یہ تو جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گا کیونکہ تفتیش سے پتہ چلے گا کہ اس طرح کی خبروں کے پیچھے منشا کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کل کی مجوزہ ریلی میں تاریخی بھیڑ ہوگی ۔ مسٹر مودی کو چائے بیچنے والا بتا کرمذاق اڑانے والوں کو کرارا جواب دینے کے لئے چائے اور پان بیچنے والوں سے ریلی میں پہنچنے کی اپیل کی جا رہی ہے ۔ پارٹی دفتر میں مودی ٹی اسٹال بھی لگایا گیا ہے ۔