نئی دہلی:ریلوے کے وزیر سریش پربھونے ‘زیرو حادثہ مشن ’ (زیروایکسڈنٹ مشن ) شروع کرتے ہی ریل حادثوں میں اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کل یہاں تمام زون کے جنرل منیجروں کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے ۔ریلوے کی وزارت کے ترجمان انل کمار سکسینہ نے یو این آئی کو بتایا کہ 15 ستمبر کو ہونے والی اس ایک روزہ اہم میٹنگ میں ریلوے کے تمام 17 زون کے جنرل منیجروں کو بلایا گیا ہے ۔میٹنگ میں مسٹر پربھو کے علاوہ ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا اور ریلوے بورڈ کے چیئرمین اے کے متل اور تمام اراکین اور سینئر افسران شرکت کریں گے ۔مسٹر پربھو نے ریلوے کو حادثات سے پاک بنانے اور مسافر وں کی حفاظت کو اولین ترجیح کے طور پر لیتے ہوئے ‘زیرو حادثہ مشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس کے آغاز کے چند دنوں کے اندر کئی ریل حادثات نے حکومت کو تشویش میں ڈال دیا ہے ۔میٹنگ میں مشن کو کامیاب بنانے اور مسافروں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ ریل حادثات پر مکمل طور پرروک لگائی جا سکے اور مستقبل میں ایسے حادثے نہ ہوں۔ اس دوران حادثات کو روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات کے علاوہ حادثوں کے بعد کئے جانے والے اقدامات اور منصوبوں پر بھی بات چیت ہوگی۔