لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گورکھپور لکھنو ڈویژن کے چریب ریلوے اسٹیشن پر دو شنبہ کو ہوئے حادثہ میں مسافروں کی موت سے رنجیدہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر چھوٹی صنعتوں کے چھوٹے وزیر کلراج مشرا اور مرکزی ریلوے وزیر مملکت منوج سنہا آج جائے حادثہ پر پہنچے
۔ ان کے ساتھ گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ، رکن پارلیمنٹ کملیش پاسوان، ہریش دیویدی، شرد ترپاٹھی، بی جے پی کے ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک موجود تھے۔ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد لوگوں نے حادثہ کے سلسلہ میں ریل افسران سے معلومات حاصل کی۔
خلیل آباد اسپتال میں داخل زخمی مسافروں سے ملاقات کرنے کے بعد گورکھپور میں ضلع اسپتال، ریلوے اسپتال اور بی آر ڈی میڈیکل اسپتال میں مرکزی وزیر اور ارکان پارلیمنٹ نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو طبی سہولیات سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔ زخمیوں سے ملاقات کرنے کے بعد مرکزی وزیر کلراج مشرا نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریلوے وزیر مملکت منوج سنہا نے حادثہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والے لوگوں کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپئے اور شدید طور سے زخمیوں کو ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ حادثہ کے ذمہ دار افسران وملازمین کی نشاندہی کر کے انہیں سزا دی جائے گی۔