نئی دہلی۔ 21 جون (یو این آئی) ریل کے مسا فر کرایہ اور مال بھاڑے میں بڑے پیمانہ پر اضافہ کے سبب ہونے والی چوطرفہ مخالفت کے درمیان وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اس اضافہ کو مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مشکل لیکن صحیح فیصلہ ہے۔مسٹر جیٹلی نے اپنے بلاگ پر ریل کے کرایوں میں اضافہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے کے لئے یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن انہوں نے اسے موجودہ صورتحال کے پیش نظر جائز ٹھہرایا۔انہوں نے کہاکہ یہ ملک کے عوام کو طے کرنا ہے کہ وہ کس طرح کی ریلوے سہولیات چاہتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران مسافر کرایہ کے سبب ہونے والے نقصان کی تلافی مال بھاڑے سے ہونے والی آمدنی سے کی جارہی تھی۔ مگر گزشتہ چند برسوں سے مال بھاڑے پر خاصا دباؤ تھا۔یاد رہے کہ مودی حکومت نے اپنے پہلے ریل بجٹ سے پندرہ روز قبل ہی گزشتہ روز مسافر کرایوں میں 2ء14 فیصد ، مال بھاڑے میں 5ء6 فیصد اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کے ماہانہ پاس کی قیمت بھی دوگنی کردی ہے۔ ریل کرایو ں اور مال بھاڑے کے اس اضافہ میں فیول ایڈجسٹمنٹ کمپونینٹ (ایف اے سی) کا اضافہ شامل ہے۔