ممبئی:ریزرو بینک نے آج غیر متوقع طور سے پالیسی ساز شرح سود میں ۵۰ء۰ فیصد کی تخفیف کی جس سے آنے والے دنوں میں لوگوں کے گھر، کار اور دیگر سستے قرض لینے کا خواب پورا ہونے کی امید ہے۔
ریزرو بینک کے گورنر رگھورام راجن نے آج رواں مالی سال کی چوتھی دوماہی قرض اور کرنسی پالیسی کے جائزہ کا اعلان کرتے ہوئے ریپو شرح میں نصف فیصد تخفیف کرکے سب کو حیران کردیا۔ تخفیف کے بعد ریپو شرح ۲۵ء۷ فیصد سے کم ہوکر ۷۵ء۶ فیصد رہ جائے گی اور ریورس ریپو شرح ۳۵ء۶ فیصد سے کم ہوکر ۷۵ء۵ فیصد رہ جائے گی۔ مرکزی بینک نے نقد ریزرو تناسب (سی آر آر) میں کوئی تخفیف نہیں کی ہے۔ اسے چار فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ لیکن ایس ایل آر کو ایک سال ایک فیصد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بازار ریپو شرح میں چوتھائی فیصد تخفیف کی امید کر رہا تھا اور نصف فیصد تخفیف کو بہت مثبت شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ معیشت کی کساد بازاری کو دور کرنے کے لئے صنعتی دنیا مسلسل شرح سود میں تخفیف کا مطالبہ کرتی آرہی تھی۔