کانپور(نامہ نگار)کانپور شہر میںسمندری طوفان ہدہد کی وجہ سے ایک طرف شہر کا موسم متاثر ہوا تو دوسری جانب شہر کے باشندے بھی بارش سے متاثر ہوئے۔ دیوالی سے قبل بارش نے لوگوں کے علاوہ تاجروں کی پریشانیوں میںبھی اضافہ کر دیاہے۔ کل رات سے شروع ہوئی بارش آج بھی جاری رہی۔ جس کی وجہ سے شہری زندگی متاثر ہو گئی۔ اسکول جانے والے بچوں اورملازمت کرنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں کھدائی بھی لوگوں کیلئے مصیبت کاسبب بن گئی۔ جگہ جگہ سڑکوں پر پھیلی ہوئی مٹی پر گاڑیاں اورلوگ پھسلتے رہے جبکہ گلی اور محلوں و شہر کی اہم سڑکوں پر بھی پانی بھرا رہا۔شہر کے بہت سے علاقے غرقاب ہو گئے۔
سردی نے دی دستک
آندھرا پردیش میں طوفان کے بعد محکمہ موسمیات کے ماہرین
نے ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ ماہرین کی پیشن گوئی صحیح ثابت ہوئی اور کل رات سے زبردست بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بارش کے ساتھ سرد ہواؤں کے سبب موسم بھی تبدیل ہوگیا۔ مسلسل بارش نے سردی کی دستک دے دی ہے۔ گذشتہ شب سے جاری بارش نے موسم کے ساتھ درجہ حرارت میں چھ فیصد کی کمی کردی ہے۔ گذشتہ ۲۴گھنٹوںمیں درجہ حرارت ۲۲ڈگری درج کیا گیا۔ بارش کے ساتھ ساتھ سرد ہواؤں نے لوگوں کو سردی کا احساس کرایا۔ سی ایس اے کے موسم ماہرڈاکٹر انیرودھ دوبے نے بتایا کہ آئندہ دوتین دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
متعدی امراض کا خطرہ
بارش اور سرد ہواؤں کے سبب متعدی امراض پھیلنے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ارسلا اسپتال کی او پی ڈی نے منگل کی صبح سے مریضوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ ہد ہد طوفان سے ملک کے جنوبی علاقوں میں زبردست تباہی ہو گئی ہے۔ لیکن ریاست کے کئی اضلاع میں ہد ہد نے اپنا اثر دکھا دیا ہے۔