بی سی بی سے سیکورٹی کی یقین دہانی چاہتا ہے آسٹریلیا
سڈنی۔کرکٹ آسٹریلیا(سی اے)نے آج کہا کہ وہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) سے سیکورٹی کی یقین دہانی کے بعد ہی ٹیم کے اکتوبر میں ہونے والے بنگلہ دیش کے دورے پر آگے بڑھے گا۔ حکومت کو ڈر ہے کہ دہشت گرد آسٹریلوی مفادات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔سی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز سدرلینڈ نے اعلان کیا کہ سڈنی سے پیر کو ہونے والی قومی کرکٹ ٹیم کی روانگی میں دیر ہوگی کیونکہ خارجہ محکمہ نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کی حفاظت کیلئے ممکنہ خطرہ ہے۔سدرلینڈ نے بتایا کہ سی اے کے سیکورٹی سربراہ بی سی بی اور سرکاری حکام سے بات کرنے کیلئے بنگلہ دیش روانہ ہو چکے ہیں تاکہ ملک کی صورت حال کو سمجھا جائے جس کے بعد آگے کے فیصلے کئے جائیں گے۔سدرلینڈ نے کہاہماری بنیادی صورت حال یہ ہے کہ ہم دورے پر جانا چاہتا ہیں لیکن ہمارے کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ ہماری پہلی ترجیح انہیں محفوظ رکھنا ہے۔سدرلینڈ نے کہا کہ بنگلہ دیش میںمیٹنگ پیر کو شروع ہوگی اور کچھ دن تک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 28 ستمبر کو بنگلہ دیش روانہ ہونے والی تھی، تاہم اب نئے سکیورٹی پلان کی تشکیل تک آسٹریلوی ٹیم کی روانگی موخر کر دی گئی ہے۔دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو چٹاگانگ میں ہونا تھا۔آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ ’ ہماری خواہش ہے کہ یہ دورہ ہو اور ہم اس کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں لیکن ہمارے کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ٹیم کی سفری تفصیلات کو حتمی شکل دینے سے پہلے ہم اگلے ہفتے تک سکیورٹی کے حوالے سے معلومات آنے کا انتظار کریں گے۔‘یاد رہے کہ اس دورے کے لیے آسٹریلیا نے اپنی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اسٹیو اسمتھ کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے اور ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں بلے باز کیمرون بینکرافٹ اور فاسٹ بالر اینڈریو فیکیٹے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔