بیجنگ۔دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو اتوار چائنا اوپن میں زخمی ہوکر میچ چھوڑنا پڑا جس کی وجہ سے ان کا سیشن کے آخری ٹورنامنٹ ڈبلیوٹی اے فائنلس میں کھیلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔چائنا اوپن میں ایک سیٹ بھی مکمل نہیں کھیل سکیں اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میچ چھوڑنا پڑ گیا۔ خواتین کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ہالیپ کے علاوہ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویتووا دونوں کو ہی چوٹ کی وجہ سے میچ چھوڑنا پڑا جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی دو سب سے ٹاپ خواتین باہر ہو گئی ہیں۔ میچ سے پہلے بھی دونوں کھلاڑیوں کو دوائی لے کر کھیلنے کیلئے اترنا پڑا تھا۔ہالیپ نے کہامجھے اب کچھ آرام کی ضرورت ہے اور میں اس بات کا جائزہ کروں گی کہ سنگاپور میں سیشن کا آخری ٹورنامنٹ ڈبلیوٹی اے فائنلس کھیلنے کے قابل ہوں یا نہیں۔ رومنی کھلاڑی پہلے سیٹ میں 4-5 سے پچھڑنے کے بعد پٹھوں میں کھنچائو کی وجہ سے میچ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر ہٹ گئی تھیں۔دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی نے کہامیرا سب سے پہلے خیال ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے پہلے آپ کو صحت مند ہونا چاہیے۔ آپ کو سب سے پہلے فٹ ہونے کی ضرورت ہے۔ آپ کودرد کی شکایت نہ ہو تبھی مزید کھیل سکتے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ میں سنگاپور میں کھیلوں۔ لیکن اس کیلئے دیکھ بھال ضروری ہے۔ مجھے کچھ آرام اور علاج کی ضرورت ہے۔ہالیپ اس وقت کیریئر کی بہترین دوسری رینکنگ پر ہیں۔ وہ سال 2011 میں بھی زخمی ہو گئی تھیں جبکہ گزشتہ ماہ گوانگجھو اوپن میں بھی انہیں چوٹ لگی تھی۔ ہالیپ سے پہلے دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی امریکہ کی سرینا ولیمز بھی ٹورنامنٹ سے نام واپس لے چکی ہیں جبکہ روس کی ماریا شاراپووا کے کھیل پر بھی شک بنا ہوا ہے۔