لکھنؤ(نامہ نگار) کانگریس کے ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے اتوار کو بارہ بنکی میں زلزلہ سے مرنے والے وشو ناتھ راؤت کی اہلیہ کو ۲۵ ہزار روپئے کی مالی امداد دی۔ ڈاکٹر کھتری کو بارہ بنکی کے رائے پور گاؤں پہنچ کر آنجہانی وشو ناتھ کی اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا۔ ڈاکٹر کھتری نے زلزلہ سے برباد ہوئے مکان کی مرمت کیلئے پارٹی کی جانب سے مالی امداد دی ۔ گزشتہ بارہ مئی کو آئے زلزلے سے وشو ناتھ کی ہنگامی موت ہو جانے کے سبب ان کی اہلیہ مالتی راؤت
اور بچے زخمی ہو گئے تھے ۔
پارٹی کے انچارج ترجمان ویرندر مدان نے بتایا کہ کانگریس صدر مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کی ہدایت پر ریاستی صدر زلزلہ اور طوفان سے متاثر ۱۶ کنبوں کو پانچ لاکھ روپئے کی مالی مدد مہیا کر ا چکے ہیں ۔ ان میں سدھارتھ نگر کے ۸ ، گورکھپور کے ۲ ، کشی نگر کے ۲ ، مہاراج گنج کے ۱ اور بارہ بنکی کے ۳ کنبے شامل ہیں اسی طرح بے موسم بارش اور ژالہ باری سے فصل برباد ہونے پر خود کشی کرنے والے کسانوں کی بھی امداد پارٹی کر رہی ہے۔ سنبھل کے مجو خاں کے کنبہ کو ۵۰ ہزار روپئے کی مالی مدد امدا د دی گئی ۔ قنوج کے جلال آباد بلاک کے جسپورا پرسریا کے کسان سبھاش چندر مشرا کے پھانسی لگاکر خود کشی کرنے پر پارٹی کی جانب سے ۲۵ ہزار روپئے کی مدد دی گئی ۔