ہرارے۔زمبابوے کی ٹیم عمدہ بلے بازی پرفارمنس کے بعد بلے بازی میں ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی۔ جنوبی افریقہ نے تین میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل 61 رن سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کرلی۔آل رائونڈ کارکردگی پر وین پارنیل مین آف دی میچ قرار دیے گئے۔ ہوم سائیڈ کے بولرز نے حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کو 257 رن پر آل آئوٹ کردیا۔ یہ 1999 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع تھاجب زمبابوے نے پروٹیز بلے بازی لائن کو ٹھکانے لگایا ہے۔فاتح ٹیم نے پہلے بلے بازی کی، اوپنرز نے اسے تیز رفتار آغاز فراہم کیا لیکن مڈل اور لوئر آرڈربلے باز میزبان بولرز کی نپی تلی بلے بازی کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے۔پہلے میچ کے سنچری میکر ہاشم آملہ اس بار کامیاب نہ ہوسکے اور صرف 15 رن بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ کوائنٹن ڈی کوک نے 38، فاف ڈو پلیسی نے 55، جے پی ڈومینی نے 36، ڈیوڈ ملر نے 45، وین پارنیل نے 24 اور کائل ایبٹ نے 23 رن اسکور کیے لیکن ان میں کوئی بھی بلے باز انپی اننگز کو طویل نہ کرسکا۔ کپتان ابراہم ڈیویلیئرز صرف ایک اور ریان میک لارین چار رن بناسکے۔ برائن ویٹوری، پراسپر اتسیا، جون نیومبو اور شین ولیمز نے دو دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جواب میں زمبابوے نے ابتداہی سے سست بلے بازی کی اور59 رن پر اس کی نصف بلے بازی لائن فارغ ہوچکی تھی۔ ہیملٹن مساکاڈزا نے سات، رچمنڈ متمبابی 12،سکندر رضا صفر، کپتان برینڈن ٹیلر 14،ایلٹن چگمبرا سات،لیوک جانگوے چھ،پراسپر اتسیا15کی اننگز کھیل پویلین لوٹ گئے۔ شین ولیمز نے 55 ، نویل مزدیوا نے 25 ، برائن ویٹوری نے ناقابل شکست 20 اور جون نیومبو نے 18رن بنا کر اسکور 196 رن تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے وین پارنیل نے اور ریان میک لارین نے تین، تین ،عمران طاہر نے دو جبکہ ایرون فانگیسو اور جے پی ڈومینی نے ایک ایک وکٹ لی۔