لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ لکھنؤ میٹرو ایلیویٹیڈ روٹ پر زمین سے تقریباً بارہ میٹر کی اونچائی پر چلے گی۔ میٹرو کیلئے اموسی کے ٹرانسپورٹ نگر سے چارباغ تک کا فیز ایک اے کا سول کام تیزی سے جاری ہے۔ میٹرو کے ڈائریکٹر رولنگ اسٹاک مہندر کمار نے بتایا کہ اب تک میٹرو کے سول کام میں ۳۱۸ پائل تیار ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ۹ پائل کیپ بن گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو کی تعمیر کیلئے ۹ گرل مشینیں کام کر رہی ہیں۔ کام میں سبھی لوگوں کا تعاون حاصل ہو رہا ہے۔ میٹرو کا کام تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ا
نہوں نے بتایا کہ چار اسٹیشنوں ٹرانسپورٹ نگر، کرشنا نگر، شرنگار نگر اور مویا کے اسٹیشنوں پر بھی کام شروع ہو گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ نگر میں ۲۶ پائل، کرشنا نگر میں ۳۰، شرنگار نگرمیں ۲۴، اور مویا میں چھ پائپ بن گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیری کیٹنگ کا کام ہو گیا ہے، پائلنگ کا کام ہو رہا ہے اور دیگر کام بھی جلد شروع ہو جائیں گے۔ اس درمیان مسٹر کمار نے بتایا کہ چار باغ اسٹیشن کی ڈیزائن کا کام آخری مرحلہ میں ہے اور جلد ہی مکمل ہوجائے گا۔ چار باغ میٹرو اسٹیشن کیلئے چارباغ ریلوے اسٹیشن کے سامنے گاندھی ادیان کی زمین پر بھی میٹرو کی نظر ہے۔ میٹرو افسران کا کہنا ہے کہ اسٹیشن کے کچھ حصہ کیلئے گاندھی ادیان سے کچھ زمین کی ضرورت پڑے گی۔
پی آئی بی سے منظوری کا انتظار:-لکھنؤ میٹرو کارپوریشن کے افسران کو امید ہے کہ سینٹرل پبلک انویسٹمٹ بورڈ میں جلد ہی پروجیکٹ کا کام آگے بڑھ جائے گا۔ واضح رہے کہ پی آئی بی کی منظوری کے بعد لکھنؤ میٹرو کارپوریشن کو غیر ملکی بینکوں یورپین انویسٹمنٹ بینک اور اے ایم وی سے قرض لینے کا معاملہ صاف ہو جائے گا۔ ان بینکوں کے نمائندوں نے گزشتہ دنوں لکھنؤ میٹرو کا الگ الگ ٹیموں کے ساتھ دورہ کر کے قرض معاملہ پر مثبت رخ ظاہر کیا ہے۔ لکھنؤ میٹرو کے ڈائریکٹر رولنگ اسٹاک مہندر کمار نے بتایا کہ میٹروکیلئے غیر ملکی بینکوں سے فنڈ کو لیکر گفتگو جاری ہے۔ یورپین انویسٹمنٹ بینک نے کچھ نکات پر معلومات مانگی ہے جسے بھیجا جا رہاہے۔
منشی پلیا کے نزدیک بھی شروع ہوئی مٹی کی جانچ:-لکھنؤ میٹروکے کام کو چارباغ سے آگے منشی پلیا تک شروع کرنے کیلئے سڑکوں پر مٹی کی جانچ کا کام شروع ہو گیا ہے۔ میٹرو ڈائریکٹر مہندر کمار نے بتایا کہ سینٹر روڈ پر چارباغ سے منشی پلیا تک میٹرو کے فیز ایک میں مٹی کی جانچ کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اس کیلئے مٹی نکال کر جانچ کیلئے لیب بھیجی جائے گی۔
میٹرو کیلئے ٹریکسن اور پاور سپلائی کا ٹنڈر فروری میں:- لکھنؤمیٹرو کیلئے ٹریکسن اور پاور سپلائی کا ٹنڈر فروری میں ہوگا۔ لکھنؤ میٹرو میں اس کے ٹنڈر کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ٹنڈر ایل ایم آر سی جاری کرے گا۔