سدھارتھ نگر(نامہ نگار) بجلی محکمہ کے افسران کس قدر اپنے کاموں کے تئیں غیر ذمہ دار ہیں اس کا اندازہ قصبے جگہ جگہ زمینوں پر رکھے ٹرانسفارمر کو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ بھیڑ والے علاقوں پر کھلے طور سے رکھے ٹرانسفارمرسے کب حادثہ پیش آجائے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ باوجود اس کے محکمہ کے ذمہ دار افسر اس جانب توجہ دینے کی زحمت گوارہ نہیںکر رہے ہیں۔
قصبہ اٹوا، ڈومریاگنج شاہراہ پر واقع تھانہ کے سامنے اور اسی سڑک پر پوروانچل بینک کے سامنے بجلی کا ٹرانسفارمر زمین پر کھلے طور سے رکھا ہوا ہے۔ بینک اور تھانہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں افراد اس راستے سے گزرتے ہیں۔ بجلی سپلائی کے وقت اسپارکنگ کو دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ قصبے کے لوگوں نے بجلی محکمہ کے ذمہ داروں کو آگاہ نہ کیا ہو اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
اٹوا قصبہ کے پون کمار، نیرج، حلیم ، اکرم، اروند سمیت کئی افراد کا کہنا ہے کہ زمین اور کھلے طور پر رکھے ٹرانسفارمر کے سلسلہ میں بجلی محکمہ کے ذمہ داران سے شکایت کی گئی لیکن ہر مرتبہ صرف یقین دہانی ہی ہاتھ لگی۔ آج تک اس جانب کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔ایس ڈی او بجلی سب اسٹیشن اٹوا منوج کمارسے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ معاملہ ان کے علم میں ہے، جلد ہی ٹرانسفارمر کے چاروں طرف جالی لگوادی جائے گی۔