ملزم سمیت دیگر چار افراد گرفتار، ملزمین نے اپنا گناہ کیا قبول
کانپور:نرول تھانہ حلقہ میں ندی کے کنارے نوجوان کے قتل کا انکشاف پولیس نے بدھ کو کر دیا ہے۔ زمینی تنازعہ کے سبب سگے بھائی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھائی کا گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتارا تھا۔ پولیس نے ملزم بھائی کے ساتھ پانچ ملزمین کو دوسرے شہر بھاگنے کے دوران کار سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے بتایاکہ گزشتہ ہفتہ نرول ندی کے کنارے مہاراج پور باشندہ سنتوش کی لاش پولیس نے برآمد کی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفی کی موت گلا دبانے سے ہوئی تھی۔ اسی بنیاد پر پولیس نے معاملے کو علم میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ لاش کی شناخت ہونے پر پولیس نے مہاراج پور گاوں پہنچ کر کنبہ سے بات چیت ہوئی جہاں پولیس کو یہ پتہ چلاکہ پشتینی زمین کو لے کر اگست ماہ میں متوفی اور اس کے سگے بھائی نارد سے جھگڑا ہوا تھا۔ وہیں واردات کے بعد سے نارد گھر سے فرار تھا۔ پولیس ٹیم نے بدھ کی صبح نرول سکھٹھیا تراہے کے پاس اسکارپیوںمیں سوار نارد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کار میںسوار نارد کے چار ساتھی رمیش ، ستیہ نارائن ، مدن لال ، سیا رام کوحراست میں لے کر تھانے لے آئی اور سختی سے پوچھ گچھ کی ۔ ایس ایس پی نے بتایاکہ نرول پولیس کے ذریعہ نوجوانوںنے جو بیان دیا ہے وہ یہ ہے کہ نارد سے متوفی کا زمین کے سلسلے میں تنازعہ چل رہا تھا۔ تنازعہ کے سبب نارد نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متوفی بھائی سنتوش کو بہلاپھسلاکر ستیہ نارائن کے ٹیوب ویل پر لے گئے اور پیٹنے کے بعد گلا دبا کر اس کا قتل کر دیا۔