لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش کے چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ زیرالتوا پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کراکے عوام کو مستفید کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پروجیکٹوں کو منظور کرانے کے وقت ہی ضروری آلات اور اسٹاف کی تعیناتی کیلئے عہدوں کو وضع کرنے نیز پروجیکٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہونے تک وضع عہدوں پر انتخاب کی کارروائی ضابطے کے مطابق ضرور پوری کرلی جائے ، تاکہ پروجیکٹ کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے فوراً بعد عوام کیلئے سود مند ثابت ہوسکے۔ چیف سکریٹری آج شاستری بھون کے اپنے دفتر میں محکمہ
مالیات اور منصوبہ بندی کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی سال ۱۶۔۲۰۱۵ کے بجٹ کیلئے آئندہ دسمبر ماہ تک ضلع اسکیم کمیٹیوں کی میٹنگ کراکے ماہ جنوری میں بجٹ کا خاکہ ضرور تیار کرالیا جائے تاکہ ضلعوں میں بجٹ کی رقم بروقت جاری ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے زیر التوا پروجیکٹ جن کا تعمیراتی کام ۷۵ فیصد مکمل ہوچکا ہے کو جلد از جلد پورا کرانے کیلئے ضروری رقم فی الفور جاری کی جائے۔انہوں نے کہاکہ انفرااسٹرکچر سہولیات کا کام مکمل ہوکر فیلڈ میں ضرور دکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کے تحت منتخب ۷ اضلاع۔ پیلی بھیت،لکھیم پور کھیری، بہرائچ،بلرام پور، سدھارتھ نگر،شراوستی اور مہراج گنج کے ۲۱ ترقیاتی بلاکوں میں سڑک ، پلیا،سی سی روڈ، پینے کے پانی وغیرہ کام اولیت سے مکمل کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بندیل کھنڈ پیکج کی موثر عمل آوری یقینی بنائی جائے اور بندیل کھنڈ پیکج ۔ ۲ کے پروجیکٹوں کو جلد از جلد منظور کراتے ہوئے مسلسل جائزے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ گنجائشوں کے مقابلے جاری منظوریوں کے مطابق رقم خرچ نہ کرنے والے تقریباً ۲۱ محکموں کا جائزہ الگ سے لیا جائے۔ میٹنگ میں پرنسپل سکریٹری منصوبہ بندی دیویش چترویدی،پرنسپل سکریٹری مالیات راہل بھٹناگر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔