لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ غازی پور علاقہ میں گزشتہ ۱۸؍مارچ کو زیر تعمیر مکان سے برآمد لاش کی شناخت کلو سنگھ کے طور پر کر لی گئی۔ کلو سنگھ کو گلا دباکر قتل کر دیاگیا تھا۔ اس بات کا انکشاف پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ پولس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک کنبہ کے لوگوں نے تحریر نہیں دی ہے تحریر ملنے کے بعد ہی رپورٹ لکھی جائے گی۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ فیض آباد روڈ پر کے ٹی ایل ورکشاپ کے قریب زیر تعمیر مکان سے ایک پچاس سالہ معمر شخص کی لاش برآمد کی گئی تھی۔ پولس کو متوفی کی شرٹ پر ٹیلر کا اسٹیکر ملا تھا جس کی مدد سے پولس ٹیلر تک پہنچی جس کے بعد متوفی کی شناخت کر لی گئی۔ پولس نے کلو سنگھ کے کنبہ کے افراد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی لاش کی شناخت کلو سنگھ کے طور پر کی۔ تفتیش کے دوران یہ بات معلوم ہ
وئی کہ کلو سنگھ شراکت میں جانکی پورم علاقہ میں کھانے کا ہوٹل چلا رہا تھا۔ ایس او غازی پور نویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ کلو کے اہل خانہ کی جانب سے ابھی تک کوئی تحریر موصول نہیں ہوئی ہے۔ تحریر ملنے کے بعد ہی رپورٹ درج کر لی جائے گی۔