گورکھپور(نامہ نگار)۔گذشتہ شب پی پی گنج قصبے میں چور زیورات اورکپڑے کی دکان سے نقد رقم سمیت تقریباً پچیس لاکھ روپئے کاقیمتی سامان لوٹ کرفرار ہوگئے ۔ چوروںنے قریب میں واقع دکان میں چوری کی واردات انجام دینے کی کوشش کی ۔ دکان کے مالک نے چوری کی اطلاع پولیس کنڑول روم کو دی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پردکان کے ملازم کوحراست میں لے لیا۔ موصولہ خبر کے
مطابق پی پی گنج علاقے کے باشندے آشیش مدھیشیا کی ورندا ون جویلرس اور کپڑے کی دکان گذشتہ شب آشیش دکان بند کرنے کے بعد اپنے گھر چلے گئے تھے ۔ آج صبح جب وہ دکان پرپہنچے تو انھوںنے روشن دان سے بندھی ہوئی رسی دیکھا ۔ جب انھوںنے دکان کو کھول کردیکھا تو دکان سے تقریباً چار لاکھ ۸۷ہزار روپئے کے علاوہ آدھا کیلو سونااورڈیڑھ کیلو چاندی کے زیورات غائب تھے۔ دوسری منزل پرواقع ا ن کی کپڑے کی دکان سے بھی تقریبا۶لاکھ روپئے چوری کرلئے گئے تھے ۔ قریب میں واقع سونی جویلرس کی دکان میں بھی چوری کی کوشش کی گئی تھی۔ جائے واردات پر سی او کمپیئر گنج لکشمن رائے ، ایس او راج کمار سنگھ نے دکان مالک سے چوری کے بار ے میں معلوم کیا۔ انھوںنے ڈاگ اسکوائڈ کو بھی موقع پربلا لیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد سی او کمپئر گنج نے دکان مین کام کرنے والے ایک ملازم کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا۔ ایس پی آراے برجیش سنگھ نے بتایا کہ واردات کی تفتیش کی جارہی ہے جلد ہی معاملے کاانکشاف کردیا جائے گا۔