ممبئی: برصغیرکے عظیم اداکاردلیپ کمارکی خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے اسپتال کے کمرے میں تاریخی فلم ’مغل اعظم‘ کا خصوصی شودکھا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیجنڈ اداکاردلیپ کمارنمونیا کے مرض میں مبتلاہونے کے باعث گزشتہ 3 روزسے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے ان کا علاج بڑی توجہ کے ساتھ کیا جارہا ہے، وہیں طبعیت میں بہتری محسوس کرتے ہوئے دلیپ کمارنے گزشتہ روزاسپتال کے 11ویں فلور پراپنے پرائیویٹ کمرے میں فلم ’مغل اعظم‘ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پردلیپ
کمار کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانونے فوری طور پر پراجیکٹرکی مدد سے کمرے میں خصوصی کا اہتمام کرڈالا۔اداکارہ سائرہ بانو سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی طبیعت میں بہت سدھار آرہا ہے۔ گھرپرباقاعدہ علاج جاری تھا لیکن ڈاکٹرکے مشورے پرہم انھیں اسپتال لے آئے اوراب یہاں ان کی طبیعت تیزی کے ساتھ اچھی ہورہی ہے۔میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کو گزشتہ کئی روز سے زکام، کھانسی، سردی لگنے اور سینے میں تکلیف تھی تاہم زیادہ طبیعت خراب ہونے پر انہیں ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع نجی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق وہ نمونیا کا شکار ہیں۔ دلیپ کمار کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں مناسب نگہداشت کے لئے اسپتال لایا گیا ہے اورامید ہے کہ وہ جلد دوبارہ اسپتال سے گھر منتقل ہوجائیں گے تاہم دلیپ کمار کے مداح ان کی صحت کے لئے دعا کریں۔واضح رہے کہ 92 سالہ دلیپ کمار کا آبائی شہر پشاور ہے اور انہوں نے اپنے زندگی کے ابتدائی برس اسی شہر میں گزارے ہیں تاہم تقسیم ہند سے قبل ان کا خاندان ممبئی منتقل ہوگیا تھا۔