ممبئی: برصغیرپاک وہند کے لیجنڈ اداکاردلیپ کمارکی اہلیہ اورماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانونے کہا ہے کہ دلیپ کمار کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اوراب وہ فیملی کے لوگوں سے بات چیت بھی کرتے ہیں۔ہم ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق ان کووقت پرادویات اورپرہیزی کھانا دے رہے ہیں جس کی وجہ سے چند ماہ قبل جوحالت تھی اب اس میں بہت سا سدھارآچکا ہے۔ جہاں تک بات ان کی طبعیت کی دوبارہ ناسازی اوراسپتال میں داخل کروانے کی ہے تووہ درست نہیں ہے۔ یہ سب افواہیں اورمنگھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ ان خیالات کااظہارسائرہ بانو نے گزشتہ روزفون پر’’ نمائندہ ایکسپریس ‘‘ سے بات کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ دلیپ کمار کی تیزی کے ساتھ صحتیابی ان کے دنیا بھر میں بسنے والے پرستاروںکی دعائوں کا نتیجہ ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ دلیپ صاحب بہت خوش نصیب ہیں کہ لوگ آج بھی ان سے پیارکرتے ہیں۔ان کے لیے خصوصی دعائیں کرتے اورمکمل صحتیابی کے لیے منتیں مانتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایاکہ گزشتہ دنوں دلیپ صاحب کی طبعیت میں کچھ چڑچڑا پن محسوس ہونے لگا تھا لیکن اب وہ گھروالوں اورفیملی کے دوسرے لوگوں سے بات چیت کرتے ہیں اوربلکہ ساتھی فنکاروں سے ملاقات کے دوران توماضی کی باتیں سنتے ہوئے باقاعدہ قہقہہ لگا کرہنستے بھی ہیں۔ یہ سب اللہ کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں دوبارہ یہ پل دیکھنے کا موقع دیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان آنے کوبہت دل چاہتا ہے ، خصوصا پشاوردیکھنے کی خواہش ہے لیکن ڈاکٹروں نے دلیپ صاحب کولمباسفرکرنے سے منع کررکھا ہے۔ اس لیے فی الحال توپاکستان آنا ممکن نہیں ہے لیکن قسمت کومنظورہوا توہم لوگ پاکستان ضرورآئینگے۔