لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے آج کہاکہ اسمبلی حلقوں سے نکالی گئی سماج وادی پارٹی کی سائیکل ریلی کا عوام نے زبردست خیر مقدم کیا۔ لال ٹوپی کی اس لہر نے سماج وادی پارٹی کے حق میںایک نیا ماحول بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں یکم فروری سے ۷؍فروری تک سماجوادی پارٹی کی ۷ ریلیاں نکالی گئیں۔ عوام اور کارکنان کے جوش کو دیکھتے ہوئے سائیکل ریلی مزید کچھ دنوں تک چلتی رہے گی۔ گاؤں -گاؤں اور گھر -گھر تک سماج وادی پارٹی حکومت کی حصولیابیاں پہنچانے اور اسمبلی حلقہ کی کامیابی کو پارلیمانی انتخابات میں دہرانے کے عزم کے ساتھ تمام اضلاع کے اسمبلی حلقوں سے سائیکل ریلی نکالی گئیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں یکم فروری کو ہزاروں لوگوں کوسماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو اور وزیر اعلیٰ اکھلیش سنگھ یادو نے پارٹی کا جھنڈا دکھاکر روانہ کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی سائیکل ریلی پہنچی وہاں انہوںنے اکھلیش یادو کی قیادت میں تشکیل سماج وادی پارٹی حکومت کی حصولیابیوں کی معلومات عوام کو فراہم کرائیں۔ رات میں قیام کرنے کے بعد اگلے دن ریلی دوبارہ تروتازہ ہوکر جوش و خروش سے نکالی گئی۔ ریلیوں میں پارٹی کے تمام سینئر رہنما، رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی، نوجوان تنظیموں کے صدر وغیرہ کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔ سائیکل ریلی کے ذریعہ عوام تک یہ پیغام پہنچایا گیا کہ ریاست میں اکھلیش یادو کی قیادت میں تشکیل حکومت عوام کی حکومت ہے۔ موجودہ حکومت میںکسانوں ، نوجوانوں، مسلمانوں اور غریبوں کے مفاد میں کون کون سی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں اور ان کا فائدہ عوام کو کیسے مل سکتا ہے یہ لوگوں کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سماجو ادی پارٹی کے کاموں کو عوام تک
پہنچانے کیلئے سائیکل ریلیوں کے علاوہ سماج وادی سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا بھی چل رہی ہے۔ ۶؍ فروری سے ۱۰؍ فروری تک مذکورہ رتھ یاترا قنوج،مین پوری، اوریا، اٹاوہ اور فیروزآباد تک جائے گی۔ سماج وادی پارٹی اور پسماندہ طبقوں کے درمیان رشتوں کو قائم رکھنے کیلئے منعقدہ رتھ یاترا کی قیادت گایتری پرساد پرجاپتی ، وزیر و ریاستی نائب صدر پسماندہ طبقہ سیل کر رہے ہیں، ان کے ساتھ پسماندہ طبقہ کے اہل لیڈر بھی رتھ یاترا میں شامل ہیں۔ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا آج مین پوری سے روانہ ہوکر کرہل، کشنی ، ودھونا،دویا پور ہوتے ہوئے اوریا پہنچ رہی ہے۔ راستے میں عوامی جلسوں کے ذریعہ پسماندہ و حد سے زیادہ پسماندہ لوگوں کیلئے سماج وادی پارٹی حکومت کی بہبودی اسکیموں کی بھی معلومات دی جا رہی ہے۔