لکھنؤ۔نامہ نگار)سعادت گنج علاقے میں چور ایک سابق ایم ایل اے کے پڑوسی کے مکان کا تالا توڑ کر لاکھوں کی نقدی اور زیورات چوری کرلے گئے ۔ پولیس نے اس معاملے میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ سعادت گنج کے ٹکیٹ رائے تالاب ایل ڈی اے کالونی میں سابق ایم ایل اے سریش شریواستو رہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے مکان سے ملحق مکان میں ہی سریندر رستوگی اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں ۔ گذشتہ روز وہ کنبہ کے ساتھ اپنے بیٹے دھرمیندر کی گود بھرائی کیلئے جونپور گئے تھے۔ دوشنبہ کی صبح جب واپس ہوئے تو دیکھا کہ صدر دروازے کی کنڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔ اندر جاکر دیکھا تو سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ چور کمرے میں رکھی الماری سے ایک کالج کی فیس کا دس لاکھ روپئے نقد چار سو گرام سونے کے زیورات اورچار کلو چاندی اٹھا لے گئے۔ اس معاملے میں سعادت گنج کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی ہے۔